احمد آباد،07؍ ستمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) پاٹیدار ریزرویشن تحریک کے لیڈر ہاردک پٹیل کی گذشتہ 25 اگست سے شروع ہوئی بھوک ہڑتال آج 14 ویں دن بھی جاری رہالیکن طبیعت بگڑنے کی وجہ سے انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ریزرویشن تحریک کے ترجمان منوج پنارا نے بتایا کہ ہاردک کی طبیعت بگڑنے اور سانس لینے میں تکلیف کی وجہ سے انہیں سولا سول اسپتال میں علاج کے لئے داخل کیا گیا ہے۔تاہم ابھی ان کی بھوک ہڑتال ختم نہیں ہوئی ہے۔قابل ذکر ہے کہ ان کے سابقہ پروگراموں میں تشدد واور توڑ پھوڑ کے پیش نظر ریاستی حکومت نے انہیں بھول ہڑتال کی اجازت نہیں دی تھی باوجود اس کے ہاردک نے گذشتہ 25 اگست سے یہاں اپنے مکان پر ہی بھوک ہڑتال شروع کر دی تھی۔ حکومت کی جانب سے بات چیت کی پہل نہ کیے جانے سے ناراض ہاردک نے کل شام سے پانی پینا بھی چھوڑ دیا تھا انہیں منانے اور ان کی بھوک ہڑتال ختم کرانے کی کوشش کرنے کے لئے پاٹیدارروں کی مذہبی تنظیم کھوڈل دھام ٹرسٹ کے چیئرمین نریش پٹیل نے راجکوٹ سے یہاں آکر آج ان سے ملاقات بھی کی۔